سرسی 23/ستمبر (ایس او نیوز) شہر کی ایک میڈیکل لیباریٹری میں پہنچ کر اپنے آپ کو کاروار کے سی او ڈی آفیسر کے طور پر متعارف کرواتے ہوئے لیباریٹری کے کاغذات کی جانچ کرنے کی کوشش کے الزام میں سرسی پولیس نے ایک نقلی پولیس آفیسر کو گرفتار کرلیاہے۔
گرفتارشدہ شخص سرسی تعلقہ میں کانگوڈ کا رہنے والا لکشمی کانت ایشور نائک (23سال) بتایا جاتا ہے۔ اس نے پولیس کا یونیفارم پہن کر شہر کی شانتیکا لیاب میں داخل ہوکر اپنے آپ کو سی او ڈی آفیسر کے طور پر پیش کیا اور اپنے ساتھ لائے ہوئے کیمرے میں لیباریٹری کے دستاویزات کی تصویریں اتاریں۔ اور پھر ایک دوسری لیباریٹری میں جاکر وہاں معائنہ کرنے کے بعد واپس لوٹنے کی بات کہہ کر غائب ہوگیا۔اس تعلق سے شہری پولیس تھانے میں شکایت درج کروائی گئی تھی۔
پولیس نے لیباریٹری کے سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ کی تو پتہ چلا کہ ملزم نے اپنے سر پر ہیلمیٹ پہن رکھی ہے جس کی وجہ سے چہرے کی شناخت کرنا مشکل ہوگیا تھا۔لیکن پولیس نے مستعدی سے کارروائی کی او ردیگر ثبوتوں کی بنیا دپر ملزم کو تین دن کے اندر گرفتار کرلیا۔اس دوران پولیس کو اطلاعات ملی ہیں کہ ملزم نے اور بھی بہت سی لیباریٹریز میں پولیس آفیسر کے طور پرجاکر اسی طرح وہاں پر دستاویزات کی تصویریں اتاری ہیں۔
ملزم کو گرفتار کرنے کے بعد عدالتی حراست میں بھیج دیاگیاہے۔ پولیس اس معاملے کی مزیدچھان بین کررہی ہے۔ملزم کو تلاش کرنے کی مہم ڈی وائی ایس پی جی ٹی نائک کی قیادت میں سرکل انسپکٹر گریش بی، پی ایس آئی مادیش اور مالینی ہاسباوی اور دیگر عملے نے کامیابی کے ساتھ انجام دی۔